چینی ذخیرہ اور اسمگل کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی منظوری

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔

لاہور میں اعلی سطح اجلاس میں وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری اور اسمگلنگ کی اطلاعات پر برہمی کا اظہار کیا اور اسمگلنگ کے تدارک کے لیے اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا۔

وزیراعظم  نے کہا کہ اجلاس میں چینی سمیت دیگر اشیا کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی۔ وزیراعظم نے اسمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے، سخت سزا دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اسمگلروں ، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔

شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت کی۔