پلوامہ حملے پر ستیہ پال نے پاکستانی موقف کو سچ ثابت کردیا،دفترخارجہ

اسلام آباد(امت نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے پاکستان کے مؤقف کو سچ ثابت کردیا۔عالمی برادری پلوامہ حملے پر ستیہ پال کے انکشافات کا نوٹس لے

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشی کرتا ہے تاکہ وہ اپنے شرمناک بیانیے اور ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے، بھارت یہ کام واضح طور پر ملکی سیاسی فائدے کے لیے کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے گی اور خود غرض سیاسی مفادات اور جھوٹ اور فریب پر مبنی پاکستان کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈا مہم کا جائزہ لے گی، بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے بھارت کو جواب دہ ٹھہرایا جائے، پاکستان بھارت کے جھوٹے بیانیے کا مقابلہ کرتا رہے گا اور مختلف اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پلوامہ حملے کا پہلے سے علم تھا، انہوں نے جان بوجھ کر بھارتی فوجیوں کو مرنے دیا۔ پلوامہ حملہ حکومت کی لاپرواہیوں کا نتیجہ تھا۔

ستیہ پال پلوامہ حملے کے وقت مقبوضہ کشمیر کے گورنر تھے، 14 فروری سنہ 2019 کی صبح مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ میں لیت پورہ ہائی وے پر دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک کار بھارت کے نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کی بس سے جا ٹکرائی جس میں 40 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔