فیصل آباد (امت نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دوٹوک کہاہے کہ پنجاب میں الیکشن 14 مئی کو نہیں ہوں گے، جتنا مرضی زور لگالیں الیکشن اسی سال مدت پوری ہونے پر ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اتنی مضبوط نہیں کہ اپوزیشن کے حلقے میں کام ہوں
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں کمزور کرنے کیلئے 2018 میں حلقے کو تقسیم کر دیا گیا، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، جب ہماری حکومت ختم ہوئی تو آٹا 35 روپے تھا، 2018 میں حکومت چھوڑی تو پٹرول 65 روپے فی لٹر تھا، نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی پر قابو پایا، فتنے کو ایک سازش کے تحت مسلط کیا گیا، ایک اوباش ٹولہ فتنے خان کے ساتھ تھا۔
انہوں نے کہا ملک آگے بڑھ رہا تھا چار سال میں برباد کر دیا، عمران خان کہتا تھا خود کشی کر لوں گا لیکن آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا، انڈیا ایٹمی طاقت بنا تو اس نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں، نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود انڈیا کے 5 کے مقابلے 6 دھماکے کیے، اگر ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو بھارت ہمیں کھا چکا ہوتا، عالمی پابندیوں کے بعد نواز شریف نے ملک کو مسائل سے نکالا۔