اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پوری ہونےکے باوجود ہمارے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بہت محدود تھے، سعودی عرب نے کمال مہربانی سے پھر 2 ارب ڈالرز اور متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر دیئے ۔
وزیراعظم نے یہ بات قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہی
کار حادثے میں جاں بحق وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان کا ایک عظیم مفکر، مفتی اور عظیم شخص رخصت ہو گیا
شہباز شریف کا کہنا تھا جب کابینہ نے اپنی تنخواہ سرینڈر کرنے کا فیصلہ کیا تو اکثریت نے اتفاق کیا، مفتی عبد الشکور مرحوم نے اجلاس میں کہا وزیراعظم میرا گزارا اس تنخواہ کے بغیر نہیں ہو گا، کتنا عظیم شخص تھا
وزیراعظم نے کہا کہ حج کے لیے جو فارن ایکسچینج چاہئے اس کے لیے مفتی صاحب پریشان تھے، مسلسل وزیر خزانہ سے رابطے میں رہے، مفتی صاحب کی کوشش سے وزیر خزانہ نے یہ معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا، مفتی صاحب کی یہ بہت بڑی شراکت ہے جس سے یہ منظوری ہوئی۔