تہران(انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سعودی شاہ سلمان کو تہران کے دورے کی دعوت دے دی
ایران کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے باضابطہ طور پر سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ایران کے دورے کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کو ریاض کی جانب سے دورے کی دعوت موصول ہوئی تھی جس کے جواب میں ایرانی صدر نے بھی سعودی شاہ کو دورے کی دعوت دی ہے
گزشتہ دنوں بھی تعلقات کی بحالی میں اہم پیشرفت ہوئی اور ایرانی تکنیکی وفدریاض پہنچا
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کو بحال کرنے کے معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایرانی تکنیکی وفد سعودی دارالحکومت ریاض پہنچا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 2016 کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوچکی ہے جب کہ ایرانی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے دورہ سعودیہ کی دعوت بھی قبول کرلی ہے۔