مفتی عبدالشکور کو ہلال امتیاز دینے کی منظوری

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہبازشریف نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو ہلال امتیاز دینے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور مفتی عبدالشکور کے انتقال کر تعزیت کی، وزیر اعظم نے مرحوم رکن قومی اسمبلی کی خدمات کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مفتی عبدالشکور نے ایمانداری اور بنا کسی دباؤ میں آکر اپنا کام کیا، انہیں اپنے کاموں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کو ہلال امتیاز دینے کی منظوری دیتے ہوئے کابینہ ڈویژن کو آرٹیکل 259 کے تحت سمری ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

 واضح رہے کہ دو روز قبل جمیعت علما اسلام سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر اسلام آباد میں ٹریفک حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے تھے۔ حادثے کے وقت وہ گاڑی خود ہی چلا رہے تھے۔