کراچی : ڈکیتی مزاحمت پر میڈیکل اسٹور کا ملازم قتل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے میڈیکل اسٹور کے ملازم کو قتل کردیا اور فرارہوگئے ، جبکہ شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں 6افراد زخمی ہوگئے ۔ واضح رہے کہ ماہ صیام میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے10افراد جاں بحق ہوئے جبکہ امسال 41افرادجان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر سیکٹر 32 اے میں نجی میڈیکل اسٹور کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوعملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔ پولیس نے موقع معائنے کے بعد لاش کو ایمبولینس کے ذریعےجناح اسپتال منتقل کیا ،جہاں مقتول کی شناخت 33 سالہ یاسر ولد بشیراحمد کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق واقعے افطاری کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ہے ، ملزمان نے ایک گولی سر میں ماری جوکہ جان لیوا ثابت ہوئی ، مقتول اس ہی علاقہ کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ تھا جبکہ میڈیکل اسٹور کا ملازم تھا ، تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش کو ورثاءکے حوالے کردیا۔ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے لانڈھی قذافی ٹاؤن بانس والی گلی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 45سالہ عالم زیب ولد رحمت اللہ زخمی ہو گیا۔

مسلح ملزمان مضروب سے موبائل فونز اور نقدی تقم پچاس ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ، زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر مضروب کو سر میں پستول کا بٹ اور ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کیا ہے ۔قائد آباد کے علاقے مولا مدد قبرستان کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 24 سالہ حبیب الرحمان ولد وزیر حسین زخمی ہو گیا، مضروب کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ زمان ٹاون کے علاقے کورنگی نمبر تین میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 24سالہ عثمان کو زخمی کردیا جس کو جناح اسپتال میں طبی امداد جارہی ہے۔

جوہر آباد کے علاقے واٹر پمپ کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے 25سالہ محمد عاطف کو زخمی کردیا جس کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، علاوہ ازیں لیاری پان منڈی بوری جماعت خانہ کے قریب اتفاقیہ گولی چلنے سے 40سالہ سیکورٹی گارڈ ایاز علی ولد عبدالوحید زخمی ہو گیا، زخمی کو علاج معالجے کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔