ریاض(نیٹ نیوز) سعودی عرب میں جمعرات کو عید کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ جدہ سے شائع ہونےو الے اخبار سعوی گزٹ کے رپورٹ کے مطابق 29 رمضان المبارک بروز جمعرات کو شوال کا چاند نظر کا کوئی امکان نہیں ہے اس لیے عیدالفطر 22 اپریل بروز ہفتہ ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی میں قائم فلکیاتی ادارے نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ سے ایک بیان میں کہا کہ یہ پیش گوئی فلکیاتی معلومات پر مبنی ہے اور عید کی تاریخ کی تصدیق متعلقہ حکام نئے چاند کی رویت کی بنیاد پر ہی کریں گے۔
جمعرات کو چاند دیکھنا عرب ممالک اور اسلامی دنیا میں کہیں سے بھی کھلی آنکھ سے ممکن نہیں۔ لیبیا سے شروع ہونے والے مغربی افریقہ کے کچھ حصوں کو چھوڑ کر بیشتر عرب ممالک میں ٹیلی اسکوپ کے ذریعے جمعرات کو چاند دیکھنا ممکن نہیں ہے اور اس لیے غالب امکان ہے کہ عیدالفطر ہفتے کو ہوگی۔
دوسری جانب سعودی عرب میں عید الفطر پر طوفان اور شدید بارش کا امکان ہے،سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ماہر موسمیات معاذ الاحمدی نے کہا کہ عید الفطر کے پہلے 2 دنوں میں موسم کی صورتحال خراب رہے گی۔