اسلام آباد(امت نیوز) عمران خان کا آج بھی اسلام آباد کی عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے خلاف مختلف مقدمات کی سماعت کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اسلام آباد نہیں آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق آج اسلام آباد کی 3 مختلف عدالتوں میں عمران خان کے کیسز سماعت کے لیے مقرر ہیں۔عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آج مختلف عدالتوں میں دائر کی جائیں گی۔
استثنیٰ کی یہ درخواستیں سیکیورٹی وجوہات اور سیاسی نوعیت کے مقدمات کے باعث دائر کی جائیں گی۔عمران خان کی لیگل ٹیم میں وکلاء سلمان صفدر، فیصل چوہدری، نعیم پنجوتھہ اورعلی بخاری مختلف عدالتوں میں پیش ہوں گے۔
پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اے ٹی سی کے بعد ضلعی کچہری اور پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہو گی۔تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں عمران خان کو اے ٹی سی نے آج تک ضمانت میں توسیع دے رکھی ہے۔