سوڈان: چھڑپوں کا سلسلہ جاری،200 سے زائد افراد ہلاک

خرطوم (نیٹ نیوز) سوڈان میں فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان لڑائی میں 200 کے قریب افراد ہلاک اور ایک ہزار 8 سو افراد زخمی ہوچکے ہیں، 3 روز سے جاری جنگ کے نتیجے میں اسپتالوں کو شدید نقصان پہنچا اور طبی سامان اور خوراک کی کمی ہوگئی۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق  اقوام متحدہ نے اس علاقے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے اور یورپی یونین سمیت بین الاقوامی اداروں نے بھی اس حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

2021ء میں بغاوت کے بعد فوجی حکومت قائم کرنے والے 2 جرنیلوں کی افواج کے درمیان ایک ہفتے سے جاری اقتدار کی کشمکش ہفتے کو پرتشدد کارروائیوں میں تبدیل ہوگئی، یہ تنازع سوڈان کے آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز کی کمانڈ کرنے والے محمد ہمدان داگلو کے درمیان ہے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں فریقین سے ایک بار پھر فوری طور پر دشمنی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مزید کشیدگی ملک اور خطے کیلئے تباہ کن ہوسکتی ہے۔