سلام آباد(امت نیوز)وزارت دفاع نے سپریم کورٹ سے پنجاب میں الیکشن کا حکم واپس لینے اور ملک بھر میں ایک ساتھ الیکشن کرانے کی استدعا کردی۔
ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے سربمہر درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔
وزارت دفاع نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کی جانب سے انتخابی مہم پر حملوں کا خدشہ ہے، قومی، بلوچستان اور سندھ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے پر ہی انتخابات کرائے جائیں۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو فنڈ نہ ملنے سمیت ساری صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے رپورٹ سپریم کورٹ رجسٹرار کو جمع کرادی جبکہ اسٹیٹ بینک نے بھی اپنی رپورٹ جمع کرادی، جس میں الیکشن کمیشن کو رقم منتقل نہ کرنے کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے سپریم کورٹ رجسٹرار میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت اسٹیٹ بینک کو فنڈ کے اجرا سے روکا ہے۔
وزارت خزانہ نے بھی اپنی رپورٹ اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے جمع کرائی۔ جس میں وفاقی کابینہ کے فیصلے اور پارلیمان کو معاملہ بھجوانے کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ میں عدالتی حکم پر اسٹیٹ بینک کو فراہم کردہ معاونت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جبکہ فنڈز منتقلی پر قانونی پہلوؤں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔رجسٹرار آفس میں جمع کرائی گئی رپورٹس ججز کو چیمبر میں بھیجی جائیں گی۔