کراچی (اُمت نیوز)کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر میں فائر الارم بجنے کے بعد بھگدڑ مچ گئی جبکہ شاپنگ مال کے چیف سیکیورٹی افسر کا کہنا ہے کہ غلطی سے فائر الارم بج گیا تھا۔
کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر میں فائر الارم بجنے کے بعد بھگدڑ مچ گئی جبکہ شاپنگ مال کے چیف سیکیورٹی افسر کا کہنا ہے کہ غلطی سے فائر الارم بج گیا تھا۔
سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس سنٹرل معروف عثمان کے مطابق راشد منہاس روڈ پر فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں واقع معروف شاپنگ مال کے فوڈ کورٹ میں ایک آؤٹ لیٹ میں گیس سلنڈر گرنے کے بعد وہاں نصب فائر الارم بج اٹھا۔
شاپنگ مال کے فائر الارم بجنے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں متعدد خواتین اور بچے معمولی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق عید کی شاپنگ کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد مال میں موجود تھی۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق فائر الارم بجنے کی اطلاع پر ان کی ایمبولینسیں اور رضا کار موقع پر پہنچے تاہم کوئی زخمی اسپتال لے جانے کے لیے نہیں ملا۔
فائر بریگیڈ حکام کا بھی کہنا ہے کہ ہمیں بھی اطلاع ملی تاہم کوئی رپورٹ فائل نہیں کی گئی۔
شاپنگ مال کے چیف سیکیورٹی افسر شبیر اعوان کا کہنا ہے کہ غلطی سے فائر الارم بج گیا تھا جس کے نتیجے میں یہ افواہ پھیل گئی کہ آگ لگ گئی ہے۔