چڑیا گھرمیں ’’نورجہاں ‘‘کی تیمارداری،ذوالفقارجونیئرکی ویڈیووائرل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کراچی چڑیا گھر کی بیمار ہتھنی نورجہاں کی تیمارداری کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اکثر اوقات ہی فلاحی کام کرتے ہوئے تصویریں اور ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں۔

انسانوں سمیت جانوروں کے لیے بھی دل میں ایک نرم گوشہ رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر اب کراچی چڑیا گھر کی بیمار نور جہاں کے ساتھ تصویریں اور ویڈیوز اپلوڈ کی ہیں جس میں وہ نورجہاں کو نہلا رہے ہیں اور اس کی دیکھ بھال میں مصروف ہیں۔ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا اس پوسٹ میں بتانا ہے کہ فار پاز انٹرنیشنل کی ٹیم پاکستانی ٹیم کو ہدایت دے رہی ہے کہ نور جہاں کی دیکھ بھال کیسے کی جائے.

نورجہاں کی دیکھ بھال کے لیے یہاں بہت سے رضاکار موجود ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا اپنی ٹوئٹ میں پیغام دیتے ہوئے مزید لکھا کہ کسی جاندار کا خیال رکھنا بھی عبادت کی ایک شکل ہے۔