کراچی (امت نیوز) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے کمانڈرکوسٹ رئیرایڈمرل راجا رب نواز نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی،ملاقات میں اسمگلنگ کی روک تھام،سمندری سرحدوں کی نگہبانی سمیت دیگرامورپربات چیت ہوئی،گورنرسندھ نے کہا کہ پاک بحریہ پروفیشنل استعداد کے لحاظ سے کسی ملک کی بحریہ سے کم نہیں،پاک بحریہ قوم کا فخرہے،اسمگلنگ کی روک تھام میں پاک بحریہ اہم خدمات انجام دے رہی ہے،سمندری حدود کی حفاظت میں بھی بحریہ کا کردارقابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ مؤثردفاعی حکمت عملی ملک و قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ علاوہ ازیں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے فلورملزایسوسی ایشن کے وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی،وفد میں چیئرمین چوہدری عامر،ملک اقبال،عامرتارا،فرخ میاں اور حنیف تارا شامل تھے،ملاقات میں صوبہ میں آٹے کی دستیابی کی صورتحال،فلورملزکودرپیش مسائل ،گندم کی فراہمی اوردیگر متعلقہ امورپرتبادلہ خیال کیا گیا،گورنرسندھ نے کہا کہ عوام کو آٹا کی دستیابی یقینی بنائی جائے،فلورملزاس ضمن میں ہرممکن اقدامات یقینی بنائیں،فلورملزکے جائزمسائل حل کئے جائیں گے۔