علی امین گنڈا پور کی چیک پوسٹ حملہ کیس میں ضمانت منظور

بھکر (امت نیوز)چیک پوسٹ پر حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

علی امین گنڈاپور ان کے 20 ساتھیوں کے خلاف تھانہ صدر میں درج مقدمات کی عدالت میں سماعت ہوئی۔

سینئر سول جج محمد آصف نیاز ی نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ لاہور پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر موجود ہے۔

گزشتہ روز سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف چیک پوسٹ حملہ کیس میں دہشت گردی کی دفعات ختم کردی تھیں۔

عدالت نے مقدمہ بھکر کی عام عدالت میں منتقل کرنے اور ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد پی ٹی آئی رہنما کو بھکر کی مقامی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

علی امین گنڈا پور کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔