کراچی: تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی پر درج مقدمات کا پولیس نے ریکارڈ اکٹھا کرنا شروع کر دیا، علی زیدی کا کرمنل ریکارڈ حاصل کر لیا گیا جن میں 3 مزید مقدمات کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
علی زیدی کو ابراہیم حیدری پولیس نے دھوکہ دہی کے مقدمے میں گرفتار کیا ہے، وہ سائٹ اے، سولجر بازار اور فیروز آباد پولیس کو بھی مطلوب ہیں، علی زیدی پر تینوں مقدمات دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج ہیں، سابق وفاقی وزیر نے پولیس کو دیئے اپنے بیان میں کہا کہ گریجوایشن کے بعد امریکا چلا گیا تھا، 18 سال تک امریکا آتا جاتا رہا ہوں، 10 سال دبئی میں ذاتی کاروبار کرتا رہا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے پولیس کو مزید بتایا کہ ملک واپس آنے کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر کے مختلف حلقوں سے الیکشن لڑا، 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر این اے 244 سے منتخب ہوا، پورٹ اینڈ شپنگ کا وفاقی وزیر رہا ہوں، میرے خلاف سیاسی رنجش کی بنا پر مقدمات بنائے گئے۔