پاکستان میں 5 جی سروس کیلئے اقتصادی بحران آڑے آنے لگا

اسلام آباد(امت نیوز)ملک میں معاشی بحران اور سیاسی تبدیلی کے اثرات ٹیکنالوجی پر پڑنے لگے، 5 جی انٹرنیٹ سروس لانے میں اقتصادی بحران آڑے آنے لگا۔گوگل اور ٹک ٹاک نے سکیورٹی ایکسچینج میں رجسٹریشن کرا دی ہے۔ فیس بک اور ٹوئٹر سمیت دیگر بڑی کمپنیز سے بات چیت جاری ہے۔ امید ہے جلد ہی بڑی کمپنیز پاکستان میں اپنا دفتر قائم کریں گی۔ایک انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیّد امین الحق نے کہا کہ پاکستان کے معاشی بحران اور سیاسی تبدیلی کی وجہ سے ملک میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس لانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹیلی کام کمپنیز سے رابطے میں ہیں، کوشش ہے رواں سال کے اختتام تک ملک کے چند بڑے شہروں میں تیز ترین انٹرنیٹ سروس متعارف کروا دی جائے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں کام کر کے پاکستان کے لیے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اب حکومت کا کام ہے انہیں سہولیات دیں۔امین الحق کا کہنا تھا کہ فری لانس کام کرنے والوں کو رقم کی وصولی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس سلسلے میں آئی ٹی منسٹری فری لانسرز کے ساتھ رابطے میں ہے۔ فری لانسرز کو اکاؤنٹ کھولنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایف بی آر کی جانب سے مختلف سوالات شروع ہو جاتے ہیں۔ آئی ٹی منسٹری سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایف بی آر کے ساتھ مل کر معاملات کو بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔