سوات بارشیں جاری، روڈ بندش سے80 ہزار آبادی محصور

سوات(بیورورپورٹ) سوات کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور کئی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آنے سے کالام روڈ دوسرے روز بھی ٹریفک کے لئے بند ہے جس کے باعث اسی ہزار کے قریب آبادی محصور ہوکر رہ گئی ہے۔ عید کی آمد کے باوجود کالام روڈ کی بندش کے باعث گھروں کو جانے والے مسافر بھی پھنس گئے ہیں۔ روڈ کو فوری طور پر بحال نہ کیا گیا تو عید پھیکی اور سوات کی سیاحت بھی ماند پڑجائے گی۔درال خوڑ، چھم گھڑئی،کولائی،اسریت،پیشمال سمیت دیگر مقام پر ندی نالے بپھر گئے ہیں اور مسلسل بارش سے پانی کے بہاؤ میں بدستوراضافہ ہورہا ہے۔ بحرین کے مقام پر رابطہ پل بھی بدستور زیر آب ہے اور کالام روڈ ٹریفک کے لئے معطل ہے۔ 26اگست2022کو آنے والے سیلاب کے بعد ابھی آباد کاری ہوئی نہیں کہ دوبارہ پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا اور ہر طرف پانی نے تباہی مچادی۔ بحرین بازار میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے اور متعدد دکانیں اور ہوٹلوں کے بیس منٹس پانی سے بھر گئے ہیں اور عید کی آمدپر بھی بحرین بازارویران اور سنسنان پڑا ہے اور کاروباری لوگوں کو شدید مالی دھچکا لگا ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث عید پر بھی کالام روڈ کی بحالی کے آثار نظر نہیں آرہے اورانتظامیہ محض فوٹو سیشن تک محدود ہے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ گزشتہ سال کے سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود اداروں اور حکومت نے اپنا فرض نہیں نبھایا نہ دریا کے کنارے حفاظتی پشتے تعمیر کئے گئے اور نہ ہی کالام روڈ کو تعمیر کیا گیا جس کے باعث دوبارہ صورتحال نے عوام کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے جبکہ اس سال عید کا سیاحتی سیزن بھی ماند پڑنے کا خدشہ ہے۔

آبادی محصور