جتنے دن کام کروں گا ریاست کے بچے بچے کو پتا چلے گا، چوہدری انوار الحق

مظفر آباد(اُمت نیوز)آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے چوہدری انوار الحق کو ریاست کا نیا وزیراعظم منتخب کرلیا، وہ آزاد کشمیر کے 15 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
چوہدری انوار الحق کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر سے ہے، انوار الحق سال 2006 میں پہلی بار ممبر اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جبکہ 2 بار اسپیکر رہ چکے ہیں۔
گزشتہ رات ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض کی صدارت میں اجلاس شروع ہوا تھا، چوہدری انوار الحق بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے اس لیے ان کو ہی اوپن بیلٹ ووٹ کیا گیا، ووٹنگ کے دوران 4 ممبران غیر حاضر رہے اور کُل 48 ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
چوہدری انوار الحق 48 ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے آزاد کشمیر کے 15ویں وزیراعظم منتخب ہوئے، اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہنے والوں پی ٹی آئی کے یاسر سلطان، شاہدہ صغیر، جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سردار حسن ابراہیم اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق شامل ہیں۔
قائد ایوان کے انتخاب کے بعد خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر نے نو منتخب وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو مبارکباد دی۔
اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ تحریک آزادی کشمیر اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے نو منتخب وزیراعظم اپنا بھرپور کردار ادا ادا کریں گے۔
نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور آج انہیں پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ووٹ دیا۔
چوہدری انوار الحق نے کہا کہ اس ایوان میں کون اپوزیشن ہوگا اور کون حکومت میں یہ آنے والا وقت بتائے گا، جتنے دن کام کروں گا ریاست کے بچے بچے کو پتا چلے گا، میں تربیت یافتہ سیاسی کارکن ہوں کسی حادثے میں نہیں آیا اب ہر شہری ریاست کے وزیراعظم کے احتساب کا پورا حق رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہے، میں سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیئے، ایک سیاسی کارکن کی معراج ہے کہ ایک بی ڈی ممبر سے ہوتے ہوئے وزیراعظم بنا، کوشش کروں گا جتنے دنوں کا اقتدار ہو تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے سرحد پار کشمیریوں کو پتا چلے کسی ایسے شخص کو اللّٰہ نے اقتدار دیا جس کے دل میں آپ بستے ہیں۔