کراچی(امت نیوز)سندھ اور پنجاب بھر میں شوال کے چاند سے متعلق کوئی بھی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس اپنے اپنے علاقوں میں جاری ہیں۔ سندھ کی زونل کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جبکہ پنجاب کی زونل کمیٹی کا اجلاس لاہور میں ہوا۔
پنجاب کی زونل کمیٹی کے مطابق لاہور میں چاند کے نظر آنے کا وقت 7:10 منٹ تک تھا، لاہور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تاہم چاند کے حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی
ڈائریکٹر جنرل محکمہ اوقاف کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اب تک چاند سے متعلق شہادت موصول نہیں ہوئی۔
سندھ کی زونل کمیٹی کے سربراہ حافظ محمد سلفی نے اپنے بیان میں کہا کہ متعلقہ وقت 7:17 منٹ تک کراچی سمیت صوبے بھر سے شوال کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، اگر کوئی شہادت آتی ہے تو ہم یہاں پر موجود ہیں لیکن چاند کی رویت کے حوالے سے حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی چیئرمین عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں جاری ہے جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے علاقوں میں جاری ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں۔