پشاور: خیبرپختونخوا میں ایک دن پہلے عید منانے کی روایت اب بھی برقرار ہے، باڑہ اور ضلع باجوڑ کے کئی علاقوں میں سعودی عرب کے ساتھ عید منائی جارہی ہے۔
صوبے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی چند علاقوں میں عید ایک دن پہلے منائی جارہی ہے جن میں تحصیل باڑہ کے علاقے برقمبرخیل اور باجوڑ کے بشتر علاقوں، تحصیل ناواگئی، تحصیل ماموند ، خزانہ، ماندل میں عید منائی جارہی ہے اور صبح نماز عید بھی ادا کی گئی ہے۔
ضلع خیبر کے تحصیل باڑہ کے علاقہ برقمبرخیل میں نماز عیدالفطر ادا کردی گئی pic.twitter.com/8qAeMZ7bx6
— Kamran Ali (@akamran111) April 21, 2023
عید منانے والے علاقوں کے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ہر سال عید سعودی عرب کے ساتھ مناتے ہیں اس سال بھی انہی کے ساتھ منارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب پشاور کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے بھی عید ہفتے کو منانے کا اعلان کیا تھا تاہم خیبرپختونخوا کے چند علاقوں میں آج عید منائی جارہی ہے۔