سابق ایم پی اے ٹکٹ نہ ملنے پر پی ٹی آئی سے نالاں

لاہور: تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے راجا یاور کمال نے ٹکٹ نہ ملنے پر اپنی ہی جماعت کے خلاف الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

2018 میں پی ٹی آئی کی ٹکٹ سے الیکشن میں حصہ لینے اور ایم پی اے منتخب ہونے والے راجا یاور کمال اس بار پاڑی ٹکٹ نہ ملنے پر سخت نالاں ہیں، اور انہوں نے اپنی قیادت پر شدید تنقید کی ہے۔

نائب صدر شمالی پنجاب چوہدری زاہد اختر اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق ایم پی اے راجا یاور کمال کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے چیئرمین عمران خان کو بلیک میل کیا، جس وجہ سے عمران خان نے مجھے ٹکٹ نہیں دیا۔

راجا یاور کمال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے فواد چوہدری کے بھائی کو ٹکٹ دیا، اور چیئرمین پی ٹی آئی نے موروثی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔

سابق ایم پی اے کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی وجہ سے نظریاتی لوگ پارٹی چھوڑ گئے ہیں، میں اس بار پی پی 25 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کے خلاف الیکشن لڑوں گا۔

نائب صدر شمالی پنجاب چوہدری زاہد اخترنے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں،عمران خان آپ رانگ نمبر ہیں۔