مکہ مکرمہ(امت نیوز)سعودی عرب میں جمعے کو عیدالفطر کا پہلا روز بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں عید الفطر کے روح پرور اجتماعات ہوئے جس میں شاہی خاندان کے ارکان سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ عید کا خطبہ دیتے ہوئے امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اتحاد ہی مسلمانوں کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودیہ عرب میں جمعے کو عیدالفطر کا پہلا روز منایا گیا۔
عید الفطر کے 2 بڑے روح پرور اجتماعات حرم شریف اور مسجد نبوی میں منعقد ہوئے جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی، اجتماعات میں سعودی شاہی خاندان کے ارکان اور علما و شیوخ بھی موجود رہے۔عیدالفطر کے خطبے میں امام کعبہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں ہمیں صبرکا درس دیا گیا ہے، اس کو قائم ، اچھے برے کا فرق بتایا اور سمجھایا گیا ہے کہ کسی کے حقوق سلب نہ کرو، سب کو اپنے برابر سمجھو۔انہوں نے خطبے میں کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ معاشرے میں حْسن اخلاق رکھو اور چھائی پھیلانے کا سبب بنیں، مسلمانوں کی بڑی طاقت اتحاد ہی ہے۔
زندگی اللہ کی دی ہوئی امانت ہے اس کو سنوارو، زبان،رنگ اور نسل سے اوپر انسانیت ہے، توحید پر ایمان رکھو یہی ایمان کا جزو ہے۔اس کے علاوہ خادمین حرمین شریفین، ولی عہد نے سعودی عرب کے عوام اور تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارک باد دی۔دوسری جانب کینیڈا ، افغانستان، ترکیہ ، مصر، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں بھی جمعہ کے روز عید منائی گئی ۔ برطانیہ میں اس سال بھی کچھ لوگوں نے کل عید منائی جب کہ کچھ آج منائیں گے علاوہ ازیں بھارت، ایران ، جاپان، فلپائن، تھائی لینڈ اور آسٹریلیا میں بھی آج عید منائی جائے گی۔