حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات پر اتفاق

اسلام آباد(اُمت نیوز)حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان 26 اپریل کو ملاقات پر اتفاق ہوگیا۔
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے پروگرام نیا پاکستان میں بتایا کہ سینیئر حکومتی رہنماؤں کا کل تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر سے رابطہ ہوا اور انہیں 26 تاریخ کو ملنے کا پیغام پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے پیغام پر اسد قیصر نے جواب دیا کہ ہم اس معاملے پر اکٹھے ہیں اور 26 تاریخ کو ملتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ 26 اپریل ہی کو اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوگا اور اسی شام تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقات ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا تھا مذاکرات بھی ہوئے تو 2018 کے الیکشن سے شروع کریں گے ، آئین میں صرف نوے دن کا نہیں ، یہ بھی لکھا ہے کہ ایک دن میں الیکشن کرائیں، مذاکرات کا ایجنڈا ہم خود طے کریں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں ملک میں ایک ساتھ انتخابات کرانے سے متعلق درخواست پر 27 اپریل کو سماعت ہوگی اور 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔