بلاول بھٹو کی امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد

کراچی (اُمت نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ عید اس عزم کے ساتھ منانی چاہیے کہ ہم معاشرے سے پولرائزیشن کا خاتمہ کریں گے۔
عید کے موقع پر جاری اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہیں، دعاگو ہوں اس عید الفطر کا بابرکت دن میرے وطن سمیت پوری دنیا کیلئے امن، بھائی چارے اور خوشحالی کا وسیلہ ثابت ہو، ہم سب کو آئین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے جو حقیقی معنوں میں پاکستان کا آئینہ دار ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کو ہم آہنگی، رواداری اور مساوات کا گہوارہ بنانے کیلئے ہم میدان میں ڈٹ کر کھڑے ہیں، 1973 کے آئین کی حتمی فتح نوشتہ دیوار ہے، عید پر ہم اپنے ان شہیدوں کو بھی یاد کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کیلئے جانیں قربان کی ہیں، ہم شہیدوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ عید پر نادار و محتاج افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا نہ بھولیں، دنیا بھر میں موجود پاکستانی بھی مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کو بھی یاد رکھیں اور نمازِ عید کے دوران ان کی جائز جدوجہد آزادی کے جلد بارآور ہونے کی دعا کریں، ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔