آج ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے سے منائی جائے گی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر میں عید الفطر آج ہفتہ یکم شوال 22 اپریل کو مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں منعقد ہوگا،گورنرسندھ کامران ٹیسوری،ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹرسیف الرحمن غیرملکی سفرا ، سیاسی وسماجی رہنما اورشہریوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ پولو گراؤنڈ میں نمازعید ادا کریں گے۔

علاوہ ازیں شہر میں نماز عید کے بڑے اجتماعات نشتر پارک، محفل شاہ خراساں، کنزالایمان، سبیل والی مسجد، عید گاہ ناظم آباد، نیو میمن مسجد،جناح گراؤنڈ، مسجد خیر العمل،فیضان مدینہ مسجد،بہارشریعیت مسجد،ٹی گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا،عیدگاہ گراؤنڈ کورنگی، دارالعلوم کراچی،مدنی مسجد دستگیر،سفید مسجد کورنگی سمیت دیگرمختلف علاقوں کی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوں گے۔

پولو گراؤنڈ میں نماز عید کے قدیمی اجتماع کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اسلامی ملکوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ان ممالک کے پرچم لہرائے گئے ہیں،عید کی نماز کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے وضو کے انتظامات کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اقدامات مکمل کرلئے گئےہیں،پولو گراؤنڈ نماز عید صبح آٹھ بجے ادا کی جائے گی،خطیب جامع مسجد کے ایم سی امامت کے فرائض انجام دیں گے۔ کراچی اورحیدرآباد سمیت صوبے کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الفطر کے اجتماعات میں ملک کی سالمیت، ترقی اور بقاءکے لیے دعائیں کی جائیں گی ۔