گجرات(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ن لیگ کو ٹکٹ کے لئے امیدوار ہی نہیں ملے، انہوں نے اپنی خفت مٹانے کے لئے الیکشن کا بائیکاٹ کیا، کوئی ن لیگ کا ٹکٹ لے کر اپنا سیاسی مستقبل تاریک کرنا نہیں چاہتا، ن لیگ کے بائیکاٹ سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پنجاب میں ن لیگ کی شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔
گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور ناقابل قبول ہے، فضل الرحمان کو الیکشن کی جلدی تھی، آج فضل الرحمان الیکشن کی مخالفت میں پیش پیش ہیں، مولانا فضل الرحمان بتائیں کیا یہ کھلا تضاد نہیں ہے؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کو اب سمجھ آئی کہ مذاکرات کے بغیر کوئی رستہ نہیں نکلنا، سیاسی مذاکرات بھی آئینی حدود میں رہ کر ہی ہوسکتے ہیں، عمران خان نے الیکشن پر مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکومت کو آخری موقع دے دیا ہے، سپریم کورٹ کی مزید حکم عدولی پر نااہلی پکی ہے