سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا،عمران خان

لاہور(اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا۔
زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مان رہی، اگر ایسا ہوا تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا ، عوام کو تیار کرنے کے لیے کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، حقیقی آزادی کی جنگ سب کو قانون کے تابع لانے کیلیے ہے، آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی، قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ انصاف اور حقوق دینے سے معاشرہ آزاد ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غلامی میں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہمارا وزیراعظم باہر جاکر کہتا ہے مانگنے نہیں آیا مجبوری ہے، یہ غلامی کی بدترین مثال ہے، یہ غلام ذہینت کے لوگ اور صرف اپنے پیسے کے غلام ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بڑے چوروں کو نہ پکڑا جائے تو قوم زوال پزیر ہوجاتی ہے، میں چوروں کو نہ پکڑ سکا کیونکہ ساری طاقت باجوہ کے پاس تھی، جنرل (ر) باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کو مشکل سے نکالنے کیلیے انصاف کا نظام ٹھیک کرنا ہوگا، ہم نے ملک میں انصاف کا نظام لانا ہے، اہلکار آکر ہمارے بے گناہ کارکنوں کو پکڑ کر لے جاتے ہیں، یہ ظلم اور ناانصافی کی بدترین مثال ہے۔