اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں جوتوں کی واپسی میں بد نظمی کے دوران 500 مشتعل افراد نے سیف سٹی کیمرے، جوتوں کے ڈبے اور پلاسٹک کی ٹوکریاں توڑ دیں، پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا،
تھانہ مارگلہ پولیس کو اے ایس آئی رانا نوید نے بتایاکہ عید کی اسپیشل ڈیوٹی پر فیصل مسجد ڈیوٹی پر موجود تھا کہ مجسٹریٹ حامد خان نے جوتے رکھنے کے کارنرز پر چھاپہ مارا اور اوور چار جنگ کرنے پر دو افراد کو تھانہ مارگلہ میں منتقل کردیا،اس دوران جوتوں کے ٹھیکیداروں کےدیگر سات ملازم موقع سے فرار گئے
انہوں نے بتایا کہ جوتوں کے ٹھیکیدار کے اس خلاف قانون عمل کی وجہ سے جوتوں کی واپسی میں بد نظمی پیدا ہوئی اور عوام نے اپنے جوتے خود اٹھانا شروع کر دیئے اس دوران کافی لوگوں کے جوتے چوری ہو گئے، جس کی وجہ سے تقریبا 500 کے قریب لوگ مشتعل ہوئے اور جوتے کارنرز پر موجود جوتوں کے باکس، پلاسٹک ٹوکریوں کو توڑناشروع کر دیا اسی دوران کارنرز کے سامنے لگے دو سیف سٹی کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
اے ایس آئی رانا نوید نے کہا کہ فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پانچ افراد کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ جن کے بعد نام ذوالقرنین راجہ،محمد عثمان، مصباح اللہ، ساجد خان اور محمد ضیا معلوم ہوئے،پولیس نے پانچوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔