عمران خان کی زیر صدارت آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

اسلام آباد(اُمت نیوز) آ زاد کشمیر میں پیدا سیاسی صورتحال پر تحریک انصاف کے قائدین کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کی ۔
اجلاس کے دوران آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں حزبِ اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد خواجہ فاروق اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ خواجہ فاروق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فوری طلب کریں۔
خواجہ فاروق کے طلب کردہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکینِ قانون ساز اسمبلی ہی کو تحریک انصاف کا حصہ شمار کیا جائے گا۔
خواجہ فاروق کی قیادت میں حزبِ اختلاف کی نشستوں پر بیٹھنے والے اراکین ہی تحریک انصاف کا حصہ رہ سکیں گے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے کنارہ کشی کرنے والے اراکین کے تحریک انصاف سے اخراج کی کارروائی شروع کی جائے گی
دوسری طرف تحریک انصاف آزاد کشمیر کی صدارت کی ذمہ داری سابق وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کے سپرد کر دی گئی ہے۔ عبدالقیوم نیازی جلد ریاست میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کریں گے۔
اُدھر پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے اراکینِ قانون ساز اسمبلی کے جماعت سے اخراج کی بعد حلقوں کی سطح پر امیدواروں کے تعین کا عمل بھی ساتھ ساتھ مکمل کیا جائے گا