کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے مختلف علاقوں سےنوزائیدہ بچے اور بچی سمیت 10افراد کی لاشیں ملیں ۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے پہلے روز ملیر جناح اسکوائر کے قریب بلال نامی شخص کی لاش ملی جس کو پولیس نے جناح اسپتال منتقل کیا۔عید کے دوسرے روز کھوکھراپار حیدری مشن امام بارگاہ کے قریب گھر سے ایک شخص کی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 48 سالہ کاشف صغیر ولد محمد صغیر کے نام سے ہوئی ۔
پولیس کے مطابق بظاہر موت طبی طور پر واقع ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد مزید صورتحال واضح ہوگی۔ اسی طرح بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا ہفتہ بازار پُل کے نیچے سے ایک شخص کی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ متوفی کی شناخت 75 سالہ محمد خالد ولد محمد رزاق کے نام سے ہوئی ۔ پولیس کے مطابق موت طبی طور پر واقع ہوئی اورورثا لاش بغیر کارروائی اپنے ہمراہ لے گئے ۔ کھوکھرا پار ملیر جناح اسکوائر شبانہ سنیما کے قریب گھر سے ایک خاتون کی لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفیہ کی شناخت 45 سالہ نورین دختر عبدالجبار کے نام سے ہوئی ۔
لاش ایک روز پرانی ہے اور بظاہر ایسالگتا ہے کہ موت طبعی طور پر واقع ہوئی ہے ۔ ناظم آباد نمبر دو کچرا کنڈی سے نوزائیدہ بچی کی لاش ملی جس کو پولیس نے عباسی شہید اسپتال بعدازاں سرد خانے منتقل کردیا ،پریڈی کے علاقے صدرریمبو سینٹر کے قریب فٹ پاتھ سے معمر شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لیکر اسے اسپتال منتقل کیا گیا ، متوفی کی فوری طور پرشناخت اور موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ منگھوپیرکے علاقے منگھوپیر روڈ مغل کانٹا کے فٹ پاتھ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کےمطابق متوفی کی موت طبی طور پر واقع ہوئی ہے تاہم اسکی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی اسی طرح سچل کے علاقے الاصف اسکوائر عثمانیہ ریسٹورنٹ کے قریب روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی جسے تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کیا گیا۔ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ۔ لیاری چاکیواڑہ 1 نمبر پنجابی گلی سے 1 نومولود بچے کی لاش ملی ہے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی تھانے میں کاروائی کے بعد ایدھی ھوم سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کیا گیا ور بعد ازاں اسکی تدفین کردی گئی ۔
منگھو پیر روڈ ماشاءاللہ ھوٹل کے قریب روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی جسے پہلے تھانے بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی عمر 25 سال کے قریب ہے اور فوری طو رپر موت کی وجہ اور اسکی شناخت نہیں ہوسکی۔