چھالیہ سے بھری سوزوکی ڈرائیورسے سوا لاکھ لینے والے 5پولیس اہلکارگرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نارتھ ناظم تھانےکےپانچ پولیس اہلکاروں نے چھالیہ سے بھری لوڈنگ سوزوکی کے ڈٖرائیور کو حبس بیجا میں رکھ کر ڈیڑھ لاکھ روپے لیکر رہا کردیا ،پولیس نے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے فائیو اسٹار چورنگی کے قریب پولیس اہلکاروںنے چھالیہ بھری سوزوکی روک کر ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، پولیس نے چار گھنٹے اپنی تحویل میں رکھ کر ڈیڑھ لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا تاہم ایک لاکھ تیس ہزار روپے میں بات طے ہوئی پولیس نے ایک لاکھ تیس ہزار روپے بھتہ وصول کرکے مال سمیت رہا کردیا تاہم اس ہی سوزوکی کو گبول ٹاون صنعتی ایریا پولیس نے روک کر چھالیہ برآمد کرلی اور مقدمہ درج کردیا، ڈرائیور نے گبول ٹاون پولیس کو بتایاکہ اس کوناتھ ناظم آباد کے اہلکاروں نے فائیو اسٹار چورنگی پر روک کر ایک لاکھ تیس ہزار روپے بھتہ وصول کرکے رہا کیاتھا ، ایس ایچ او مذکورہ اطلاع ایس ایس پی سینٹرل کو کردی جنھوں نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔

انکوائری میں یہ بات ثابت ہوئی کہ پانچ اہلکاروں جس میں ہیڈ کانسٹیبل عدنان، کانسٹیبل زوہیب، عمیر ، ملک محمد نادر اور فرحان شامل ہے انھوں نے بھتہ وصول کیا ، پولیس کے مطابق پولیس نے سوزوکی ڈرائیور کے دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جنھوں نے پولیس اہلکاروں کو بھتہ کی رقم لاکر دی تھی ،ایس ایچ اونارتھ ناظم آباد امجد کیانی نے بتایاکہ مذکورہ واقعہ 20اپریل کو پیش آیا تھا جس کی انکوائری کی جارہی تھی تاہم انکوائری مکمل ہونے کے بعد بھتہ وصول کرنے پر پانچوں اہلکاروں کے خلاف میری مدعیت میں مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتارکرلیا جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے جبکہ سوزوکی ڈرائیور کو جیل روانہ کردیا گیا ۔تاہم مقدمےکی تفتیش اےوی سی سی پولیس کےسپردکی گئی ہے۔