ملک میں ایکساتھ الیکشن کی تاریخ پرمذاکرات کی مہلت کا آج آخری روز

اسلام آباد (امت نیوز) سیاسی جماعتوں کو الیکشن پر ایک ہی مؤقف اپنانے کیلئے دی گئی سپریم کورٹ کی مہلت کا آخری روز ہے، جمعرات کو عملدرآمد رپورٹ جمع کرانی لازم ہے جبکہ فریقین میں سیاسی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔

سپریم کورٹ نے ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانےکی درخواستوں پر گزشتہ سماعت میں الیکشن کی تاریخ پر سیاسی اتفاق رائے کے لیے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مشاورت کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے پہلے اتحادی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس آج دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کیا ہے۔اجلاس میں اتحادی پارلیمانی رہنما شرکت کریں گے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔وزیراعظم پی ٹی آئی سے مذاکرات پر اتحادی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔

19 اپریل کی سماعت میں سیاسی قائدین نے عدالت کا بتایا تھا کہ سینیئر سیاسی قیادت عید الفطر کے باعث اپنے آبائی علاقوں کو چلی گئی ہے، اب 26 اپریل کو سینیئر سیاسی قیادت میں اس حوالے سے مشاورت ہوگی جس کی رپورٹ 27 اپریل کو عدالت میں پیش کر دی جائےگی، اس پیش رفت کے بعد مزید سماعت 27 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے لیے حکومت 21 ارب روپے 27 اپریل تک الیکشن کمیشن کو فراہم کرے، حکومتی گرانٹ کے بل مسترد ہونے کا مطلب ہےکہ وزیر اعظم اور کابینہ ایوان میں اکثریت کھو بیٹھی ہے جب کہ اٹارنی جنرل کا موقف ہے کہ ایسا نہیں اٹارنی جنرل سے فی الحال اتفاق کرتے ہوئے حکم نامے میں کہا گیاکہ دوسری صورت بھی حکومت کو سنگین آئینی مسائل کی طرف لے جاسکتی ہے، عدالتی حکم کی نا فرمانی کے بھی سنگیں نتائج برآمد ہو سکتے ہیں لہٰذا ضروری ہےکہ حکومت 27 اپریل تک 21 ارب روپے فراہم کرے۔