سوڈان میں آج سے 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان

خرطوم (امت نیوز) سوڈان میں پیرا ملٹری فورس اور فوج کے درمیان جاری خانہ جنگی میں 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سوڈان میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد مختلف ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد کا انخلا شروع ہو گیا ہے اور مختلف ممالک اپنے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکال رہے ہیں۔

سعودی عرب، امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال چکے ہیں۔ 2 روز کے دوران ڈھائی سو سے زائد سفارتی عملے اور دیگر ممالک کے شہریوں کو نکالا جا چکا ہے۔

سوڈان میں پھنسے 427 پاکستانیوں کو بھی سوڈانی بندرگاہ پر پہنچا دیا گیا ہے تاہم اب بھی کچھ افراد سوڈان کے دارالحکومت میں پھنسے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانیوں کے سفری معاملات سے متعلق انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف خود سوڈان سے انخلا آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 4 سو سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔