اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی اتحاد پی ڈی ایم (پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ) کا اجلاس ہوا جس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحادی جماعتوں نے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے مذاکرات کی کوشش کریں گے جس کیلیے پارلیمنٹری کمیٹی کا فورم استعمال کیا جائے گا۔ الیکشن ایک ساتھ ہونے ہیں یا علیحدہ علیحدہ یہ فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ کسی کی ذاتی انا یا خواہشات کی تکمیل نہیں کی جائے گی۔ فنڈذ اجرا کے حوالے سے پارلیمنٹ اپنا فیصلہ دے چکی، سب اداروں کو پارلیمنٹ کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔ سپریم کورٹ کا کام آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہے، ثالثی نہیں۔ انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ یا کسی ادارے کی ثالثی قبول نہیں، ثالثی کا کردار اور بات چیت کا فورم پارلیمنٹ ہے جو اپنا کام بخوبی کر سکتی ہے۔
اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن کے علاوہ آفتاب شیر پاؤ، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، آغا حسن بلوچ، چوہدری سالک حسین، طارق بشیر چیمہ، ساجد میر اور حافظ عبدالکریم سمیت اہم رہنما شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ، قمر زمان کائرہ، ایاز صادق، اسحاق ڈار اور اٹارنی جنرل بھی اجلاس میں موجود تھے۔