سندھ حکومت کادیہی علاقوں میں سولر بجلی فراہم کرنے کا اعلان

کراچی(امت نیوز)وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ سندھ بھر کے تمام دیہی علاقوں میں گھروں کو سولر بجلی فراہم کی جائے گی، سندھ میں پیدا ہونے والی بجلی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر چلائیں گے۔
صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں امتیاز شیخ نے کہا کہ حیدرآباد سمیت بڑے شہروں میں گھروں پر سولر لگانے کے منصوبے کی فزیبلٹی بنا رہے ہیں، گھروں پر سولر لگنے سے بجلی کے مہنگے بلوں سے نجات مل جائے گی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ گیس میٹر کاکرایہ 500روپے کرنے کا فیصلہ وفاق کا ہے، جسے کم کرنے کیلئے بات چیت کی جائے گی۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس میٹر کا ماہانہ کرایہ 50 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ چارجز جنوری 2023 سے لاگو ہوں گے، صارفین کو 3 ماہ کے بقایاجات میٹر، رینٹ اور گیس ٹیرف کی مد میں اضافی دینا ہوں گے۔
ترجمان سوئی ناردرن گیس کا کہنا تھا کہ یہ اوگرا کا فیصلہ ہے جو لاگو کیا گیا ہے، نومبر دسمبر میں 0.9 کیوبک ہیکٹر سے کم گیس بل والوں پر میٹر رینٹ لاگو نہیں ہوگا۔
ترجمان کے مطابق کم گیس استعمال والے صارفین میٹر رینٹ سے مستثنیٰ ہوں گے، اوگرا گیس ٹیرف حکومت پاکستان کی منظوری سے نافذ کرتا ہے۔