لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آرٹیکل 6 لگے گا۔
حکومتی اتحاد اور پارلیمنٹ کے اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آئین کو بیانات اور قرادادوں سے معطل نہیں کیا جاسکتا ، آئین نہ ماننے کا رویہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی 75 فیصد آبادی غیر آئینی حکومتوں کے زیر تسلط ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن ہوں گے یا وزیر اعظم پر آرٹیکل 6 لگے گا، آئین میں کوئی تیسرا آپشن نہیں ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ انتخابات اکتوبر میں ہونے چاہئیں آئین کہتا ہے کہ اسمبلیاں ٹوٹنے کے نوے دن کے اندر الیکشن ہونے ہیں، کابینہ اپنا فیصلہ پارلیمان کو بھیج دے اور دو تہائی اکثریت سے آئین کو بدل لے دوسری صورت میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کرائیں پھر وفاق کا معاملہ دیکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی آئین کو کاغذ کا ٹکرا سمجھ کر آئین کےاصولوں کو پامال کر رہے ہیں تاریخ انہیں معاف کرے گی۔