لاہور(امت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی چیمپئن ٹرافی میں شرکت کے لئے بھارت جانے کیلئے حکومت سے اجازت طلب کرلی۔
سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو این او سی کیلئے خط لکھ دیا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 3 سے 12 اگست بھارت کے شہرچنائے میں منعقد ہوگی،اوراس میں پاکستان سمیت چھ ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔
خط کے مطابق ایشین چیمپئنزٹرافی نہ کھیلی تو بھاری جرمانہ عائد ہوسکتا ہے ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیل کرہی اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل سکیں گے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ بھارت نہ جانے کی سب سے بڑی رکاوٹ فنڈز ہیں، ایونٹس میں شرکت کیلئے چار کروڑ روپے کی ضرورت ہے۔
حیدرحسین نے خط میں کہا ہے کہ فنڈز کیلئے حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ اسپانسرز سے بھی رابطے شروع کردیئے ہیں، امید ہے پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر ایک بار پھر فنڈز جمع کرلیں گے۔