مظفرآباد(نمائندہ امت )آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے ایل اے 15 باغ 2 قانون ساز اسمبلی کی خالی نشست پر انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا،پولنگ آٹھ جون کو ہوگی۔ قانون ساز اسمبلی کی یہ نشست سابق وزیراعظم سردارتنویرالیاس خان کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ایل اے 15 باغ 2 کی خالی نشست پر انتخابات میں حصہ لینے کیلئے 10 مئی شام 4 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ 11 مئی کو صبح8 بجے سے سہ پہر2 بجے تک کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے بعد امیدواروں کی فہرست شائع کی جائیگی۔15مئی2023 کو دن 2 بجے سے قبل امیدواران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف الیکشن ٹریبونل کے سامنے اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اور16مئی کو مظفرآباد الیکشن کمیشن کے آفس میں ان اپیلوں کی سماعت ہوگی جبکہ17مئی تک ان پر فیصلے دیے جائیں گے۔ 18مئی کو سہ پہر 2 بجے سے قبل تک امیدوار الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرسکیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائیگی۔ 19 مئی کو سہ پہر 2 بجے سے قبل امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست انتخابی نشانات کے ساتھ شائع کی جائیگی اور 08 جون 2023 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک حلقہ ایل اے 15 باغ میں پولنگ ہوگی۔ ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امید واران کے لئے لازم ہے کہ وہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی داخل کروانے سے قبل اپنے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات کی تفصیل آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائیں۔