سوڈان سے انخلا، سب سے بڑی کھیپ کی شاہ فیصل نیول بیس آمد

سعودی عرب (اُمت نیوز)سعودی عرب کی مساعی سے خانہ جنگی کا شکار سوڈان سے غیرملکیوں کے انخلاءکا عمل جاری ہے۔
گزشتہ روز سوڈان سے بحری انخلاء کا تیسرا قافلہ تقریباً 8 گھنٹے کے سفر کے جدہ کے شاہ فیصل نیول بیس پر پہنچا۔
جدہ میں شاہ فیصل نیول بیس پر سوڈان سے اب تک کے سب سے بڑے انخلا کے آپریشن کے مسافروں کا پھولوں اور مٹھائیوں کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ بحری جہاز "امانہ” کے مسافروں کی جانب تالیاں بجا کر سعودی سکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا گیا۔
بحری جہاز ’’امانہ‘‘سعودی بحری افواج کی حفاظت میں 58 ملکون کے 1,687 افراد کو لے کر پہنچا تھا۔اس کا استقبال متعدد حکام، سفیروں اور بعض سفارتی مشنز کے نمائندوں نے کیا۔
"العربیہ” اور "الحدث” کی کیمرہ ٹیم جدہ میں لنگرانداز ہوتے وقت جہاز پر موجود تھی، جہاں جہاز کے متعدد مسافروں نےالعربیہ کی ٹیم کو سوڈان میں درپیش مصائب کے بارے میں بتایا۔
سوڈان سے انخلا کرنے والوں میں جہاز پر 46 امریکی، 40 برطانوی، 11 جرمن، 4 فرانسیسی اور 13 سعودیوں کے علاوہ 560 انڈونیشی، 239 یمنی، 198 سوڈانی اور 26 ترک باشندے سوار تھے۔
ایک سرکاری بیان میں سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ سوڈان میں تشدد سے فرار ہونے والے 1,687 شہریوں کو لے کر جہاز بدھ کے روز سعودی عرب پہنچا تھا۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس گروپ کو "مملکت کے بحری جہازوں میں سے ایک کے ذریعے” منتقل کیا گیا۔ غیر ملکی شہریوں کی ان کے ممالک کو روانگی کی تیاری کے لیے تمام بنیادی ضروریات سہولیات فراہم کی گئیں۔
کل منگل کو خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البداوی نے سعودی عرب کے سوڈان سے اپنے شہریوں اور خلیج کے متعدد ملکوں کے شہریوں کو نکالنے کے عمل میں فراہم کیے گئے عظیم سفارتی اور لاجسٹک کردار کی تعریف کی۔