کراچی: محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے جنوبی بلوچستان میں داخل ہو گا، جس کے باعث کراچی میں آج موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں شام یا رات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، جبکہ جمعے اور ہفتے کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں سسٹم 28 اپریل سے 4 یا 5 مئی تک متحرک رہ سکتا ہے، شہر کے بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ کراچی کے کچھ مقامات پر 2 سے 3 موسلا دھار بارش کے اسپیل بھی آ سکتے ہیں، کراچی میں 30 سے 50 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گرج چمک کے بادل مضبوط بنے تو آندھی اور ژالہ باری کا بھی امکان رہے گا۔