اسلام آباد: وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا بات چیت کا عمل شام 6 بجے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
حکومت اور پی ٹی آئی کی ٹیم میں مذاکرات آج شام 6 بجے سینیٹ سیکریٹریٹ میں ہوں گے۔جمعیت علمائے اسلام تحفظات کے باعث مذاکراتی ٹیم میں شامل نہیں ہو گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر سے رابطہ کیا۔ سفارشات کی تیاری کیلیے حکمران جماعتوں کی کمیٹی کے ارکان کے ناموں پرآج غور ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی تین رکنی کمیٹی کے جواب میں حکومت پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے رہی ہے، کمیٹی میں اتحادی جماعتوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے نمائندوں کو بھی غیر رسمی بات چیت میں شامل کیا جائے گا۔ اتحادی جماعتوں اورپی ٹی آئی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد مذاکرات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے حکمران جماعتوں کی کمیٹی ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینے پرغور ہوگا۔ حکمران جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا تھا۔
حکمران اتحاد نے الیکشن کیلیے مشاورتی عمل اگلے مرحلے میں لے جانے کیلیے کمیٹی تشکیل دی۔