اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کاووٹ لے لیا۔180 ارکان نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقد ہوا،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم میاں شہباز شریف پر اعتماد کی قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کی اور کہا کہ پورے ملک میں افواہیں چل رہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا کو دکھا دیں کہ پاکستان کی پارلیمان آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارٹی پوزیشن تیار کرلی۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق حکمران اتحاد کے ارکان قومی اسمبلی کی کل تعداد 181 ہے، ایوان میں مسلم لیگ ن کے 85 پیپلز پارٹی کے 58 ارکان ہیں۔
اسی طرح ایم ایم اے کے ارکان کی تعداد 13، ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان کی تعداد 7 ہے، حکمران اتحاد میں شامل بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 اور بی این پی کے 4 ارکان ہیں۔ ق لیگ کے 3، اے این پی اور جمہوری وطن پارٹی کا ایک ایک رکن ہے جب کہ چار آزاد ارکان اسمبلی بھی حکمران اتحاد میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس وقت وزیراعظم شہباز شریف کو 180 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں 175 سے زائد ارکارن پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
ذرائع کاکہناہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے،اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ ظہرانے میں مشاورت کے بعد کیا گیا،وزیراعظم نے اتحادی ارکان اسمبلی سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا،ذرائع کامزید کہناہے کہ وزیراعظم اعتماد کاووٹ آج قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ہی لیں گے۔