اسلام آباد(امت نیوز)وزیر ریلوےخواجہ سعد رفیق نے کراچی ایکسپریس آتشزدگی واقعے میں تخریب کاری کا امکان ظاہر کر دیا
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بظاہر لگ رہا ہے ٹرین کی بوگی میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔تاہم واقعے میں تخریب کاری کا امکان ہو سکتا ہے،
انہوں نے کہا کہ تحقیقات کریں گے کہ زنجیر کھینچنے کے کتنے وقت بعد ٹرین رکی اور خاتون کو کیوں کودنا پڑا، ریلوے حادثے سے متعلق حقائق ایک دو روز میں سامنے آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی تباہی کی لمبی داستان ہے، ہم پچھلی حکومت کی طرح لوگوں سے جھوٹ نہیں بولیں گے، پھاٹک لگانے کے لیے صوبائی حکومت یا ڈسٹرکٹ کونسل فنڈز دیتی ہے، جن جن مقامات پر پھاٹک لگانےکی ضرورت ہے مل کر بیٹھ جائیں، صوبائی حکومت فنڈز فراہم کر دے، ہم پھاٹک لگانے کے لیے تیار ہیں۔
گزشتہ روز خیرپور کے قریب کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
ڈی سی او ریلوے محسن سیال کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے خاتون چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے پر زخمی ہونے کے بعد چل بسی جبکہ ایک شخص بوگی کے اندر ہی جھلس کر انتقال کر گیا، جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔