حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل

اسلام آباد(امت نیوز)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف  کے درمیان الیکشن کے انعقاد کے معاملے پر مذاکرات کا پہلا دورمکمل ہوگیا۔مذاکرات  پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہوئے ۔

حکومتی وفدمیں اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، سعدرفیق، یوسف رضاگیلانی، نوید قمر، کشور  زہرا شامل تھے جبکہ پی ٹی آئی وفد میں شاہ محمود قریشی، علی ظفر اور فواد چوہدری شامل تھے۔

ایم کیو ایم کا وفد بھی مذاکرات کیلئے کمیٹی روم نمبر 3 میں موجود رہا۔  ذرائع کےمطابق  پی ٹی آئی وفد نے عمران خان کا مؤقف پی ڈی ایم اتحاد کے اراکین کو پہنچادیا، پی ٹی آئی وفد نےانتخابات کے طریقہ کار اور پارٹی مؤقف کو  پی ڈی ایم اتحاد کے سامنے رکھا۔

مذاکرات کا پہلا دور ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دو گھنٹے کے مذاکرات میں اپنا نکتہ نظر پیش کیا، آئین سے ماورا حل ممکن نہیں، تحریک انصاف عوام کی فلاح کو ترجیح دینا چاہتی ہے، ہماری اگلی نشست کل اِدھر ہی ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عمران خان سے ہماری مشاورت ہوئی، حکومتی ٹیم نے کہا ابھی ہم نے قیادت سے مشاورت کرنی ہے، یہ پروپوزل لےکرآئیں،  آئین کے مطابق ہو تو ہم ضرور بات کریں گے۔

تحریک انصاف کی مذکراتی کمیٹی کے رکن بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ مذاکرات کی پہلی نشست اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوئی ، کوشش ہے کہ مسئلے کا اچھا حل ڈھونڈا جائے ، ملاقات کا ایک پوائنٹ ایجنڈا الیکشن تھا ،آج کی نشست میں ایک دوسرے کا مؤقف سمجھا ہے،  کوشش ہے کہ مذاکرات کا عمل پیر سے پہلے  پہلے مکمل  ہو۔

آج قومی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کر دیا ہے کہ بات چیت کا ون پوائنٹ ایجنڈا یعنی پورے ملک میں ایک دن اور شفاف انتخابات ہوگا۔