یو اے ای کے قونصل جنرل سے وزیر بلدیات سندھ کی ملاقات

کراچی (رپورٹ: محمد اعظم خان) متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی رہائش گاہ پر آمد، قونصل جنرل نے وزیر بلدیات سندھ سے سیلاب زدگان کی بحالی اور متاثرین کیلئے اماراتی حکومت کی جانب سے جاری امدادی کاموں سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات میں بخیت عتیق الرومیتی نے وزیر بلدیات کو سندھ سمیت ملک بھر میں یواے ای حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے جاری کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ پاکستانی بھائیوں کی تکلیف پر اماراتی حکومت اور عوام دونوں ہی بے چین ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ سیلاب ذدگان کی مدد و بحالی کیلئے شروع کیے گئے پروگرام تیزی س جاری ہیں جب میں اماراتی حکومت کےساتھ ساتھ یو اے ای ہلال احمر کی ٹیمیں بھی اس کام میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ و سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سید ناصر حسین شاہ نے اماراتی قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ، اماراتی حکومت کی پاکستان اور پاکستانی عوام سے محبت اورتعاون کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ خوشی ہو یا غم، اماراتی حکومت و عوام ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے اماراتی قونصل جنرل کے توسط سے سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب ذدگان کی بے لوث مدد پر اماراتی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور معزز مہمان کو عید کی مبارک باد بھی دی۔