راولپنڈی( اُمت نیوز)پاکستان نے جمعرات کو 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت کیویز کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹر فخر زمان نے 114 گیندوں پر شاندار 117 رن بنائے،ان کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
میچ کے بعد نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فخرزمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری اسکور کرنے سے اعتماد ملا ہے، ایک روزہ فارمیٹ میں تجربہ بھی ہے اور پرفارمنس بھی ہو رہی ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ امام الحق کے ساتھ بیٹنگ کر کے کانفیڈینس ملتا ہے، ان کے ساتھ کھیل کر کافی کچھ سیکھتا ہوں، شروع میں امام اتنی اچھی پرفارمنس نہیں دے پا رہے تھے لیکن ان کی پرفارمنس میں گزشتہ کچھ عرصے میں مزید نکھار آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں امام الحق مستقبل میں پاکستان کے لیے مزید پرفارمنس دیتے رہیں گے۔
فخر زمان نے کہا کہ پاکستان کے لیے کسی بھی بیٹنگ پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہوتا ہوں، البتہ جب سے کرکٹ شروع کی تب سے بطور اوپنر کھیلتا آرہا ہوں، پسندیدہ پوزیشن اوپننگ ہے۔
پاکستانی اوپنر کا کہنا تھا کہ محمد رضوان اور بابراعظم ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس دے کر پاکستان کو میچز جیتوا رہے ہیں ان دونوں کے ہوتے ہوئے میری ٹی ٹوئنٹی میں مڈل آرڈر میں بیٹنگ پوزیشن بنتی ہے۔
فخر زمان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شئیر کرتا ہوں، صائم ایوب نے اپنی فٹنس اور پرفارمنس کا خیال رکھا تو پاکستان کے لیے لمبا کھیلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایک روزہ فارمیٹ میں کمبی نیشن بہترین بنا ہوا ہے، ورلڈکپ تک کم میچز ہونے سے ٹیم کی تیاریوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔