(فائل فوٹو)

11 سوڈانی صوبے جھڑپوں کی لپیٹ میں، 2امریکی ہلاکتوں کی تصدیق

خرطوم/ ریاض (امت نیوز) 11 سوڈانی صوبے جھڑپوں کی لپیٹ میں آگئے، جس سے اموات 512 تک جا پہنچی ہیں، جن میں 2 امریکی بھی شامل ہیں، امریکی ترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ جبکہ پاکستانیوں سمیت مزید 17 سو افراد سعودیہ پہنچ گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جو 11 صوبوں تک پھیل گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری کے درمیان جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 512 ہو گئی جبکہ 4 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سوڈان سے 50 سے زائد ممالک کے 1700 شہریوں کو لے کر بحری جہاز سعودی عرب پہنچ گیا، جدہ پہنچنے والوں میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب سوڈان کے شہریوں نے پڑوسی ممالک کی جانب رخ کرلیا جہاں انہوں نے مصر، چاڈ اور جنوبی سوڈان میں پناہ لے لی ہے۔ سوڈانی فوج نے معزول صدر عمرالبشیر کی جیل سے فرار کی تردید کردی جبکہ امریکا نے سوڈان میں جنگ بندی اور مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیا ہے۔

ادھر امریکہ نے سوڈان میں متحارب فریقوں کے درمیان خانہ جنگی میں دوسرے امریکی کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے پریس کانفرنس میں سوڈان میں دوسرے امریکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس سے قبل کربی نے گزشتہ جمعہ کو پہلے امریکی کی موت کا اعلان کیا تھا جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ سوڈان کی خانہ جنگی میں ایک امریکی افسوسناک واقعے میں مارا گیا۔

کربی نے متوفی کی شناخت نہیں کی تاہم اس کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔ کربی نے کہا کہ امریکا نے سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے پیراملیشیا گروپ کی قیادت کو واضح طور پر کہا ہے کہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں، غیر جنگجوؤں، سماجی کارکنوں اور غیر ملکیوں کی حفاظت کریں۔

دوسری جانب آج جنگ بندی کا آخری روز ہے، تاہم آرمی نے جنگ بندی میں مزید 3 دن کی توسیع کا عندیہ دے دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مشرقی افریقی ملک سوڈان میں صورت حال بدستور کشیدہ ہے، آرمی چیف کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں مزید تین دن کی توسیع ہونی چاہیے، تاہم پیرا ملٹری فورسز کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ خانہ جنگی کے دوران ایک میڈیکل سینٹر پر بھی راکٹ داغے گئے جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔