اسلام آباد(اُمت نیوز)حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان ہونے والے مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ستمبر میں انتخابات کروانے کی تجویز دے دی، پی ٹی آئی وفد نے حکومتی تجویز پر عمران خان سے بات کرنے کی ہامی بھر لی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نےجولائی میں انتخابات کا مطالبہ کیا، جس پر حکومت نے جون میں بجٹ پیش کرنے کی حکومتی مجبوری ظاہر کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رہنما کشور زہرا نے مشورہ دیا کہ ہمیں آپس میں بات طے کرنی چاہیے۔
کشور زہرا مزید نے کہاکہ معاملات طے نہ کریں تو پھر کوئی اور آجائے تو سب روتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں ایک ساتھ ایک دن الیکشن کے لیے حکومت اور تحریک انصاف مذاکرات منگل تک ملتوی کردیے گئے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کوئی ڈیڈ لاک نہيں، دونوں طرف سے پیش رفت ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا طے ہوا کہ دونوں کمیٹیاں اپنے قائدین سے ملاقات کے بعد منگل کو دوبارہ بیٹھیں گی، آج کی پیش رفت پر عمران خان کو اعتماد میں لیں گے۔