پی ٹی آئی کا حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں انتخابات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری، شبلی فراز، سینیٹراعظم سواتی، اعجاز چوہدری اور محمود خان شریک ہوئے۔
اجلاس میں عمران خان کو حکومت کےساتھ مذاکرات پر بریفنگ دی گئی اور چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پرآپریشن کےبعد مذاکرات کے مستقبل پرغور کیا گیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کیا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ منگل کو حتمی ایجنڈے پر بات ہوگی۔
خیال رہے کہ حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی میں بیک وقت انتخابات کیلئے مذاکرات جاری ہیں اور مذاکرات کا فائنل راؤنڈ منگل 2 مئی کو اسلام آباد میں ہونا ہے۔